ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : کل جمعہ سے تمام دکانیں رہیں گی بند، صرف روزمرہ کی ضروری اشیاء کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت، سرکار نےجاری کیا وضاحتی اعلامیہ

بھٹکل : کل جمعہ سے تمام دکانیں رہیں گی بند، صرف روزمرہ کی ضروری اشیاء کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت، سرکار نےجاری کیا وضاحتی اعلامیہ

Thu, 22 Apr 2021 22:34:24    S.O. News Service

بھٹکل 22/اپریل (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کےلئے  ویسے تو لاک ڈاون کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور صرف دفعہ 144،نائٹ کرفیو اور ویکینڈ کرفیو کے نام پر  لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنےپر پابندی عائد کی گئی ہے، لیکن  صرف ضروری اشیاء کی دکانوں کو چھوڑ کر  ریاست بھر میں تمام  دکانوں کو کھولنےکی اجازت نہ دئے جانے کو دیکھتے ہوئے کہا جارہا ہے  کہ  یہ ایک غیر اعلان شدہ  لاک ڈاون ہی ہے۔

حکومت نے بدھ کے روز جو اعلامیہ جاری کیا تھا اس میں  مزید وضاحت کرتےہوئے سرکار نے آج اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ضروری اشیاء کی دکانوں کو چھوڑ کر سبھی دکانیں بند رہیں گی۔

بھٹکل ڈی وائی  ایس پی   بیلی ایپّا نےساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ سرکار کی طرف سے ابھی جو وضاحتی  اعلامیہ جاری ہوا ہے اُس کو دیکھتے ہوئے کل جمعہ کو  روزمرہ کی ضروری اشیاء کی دکانوں کو چھوڑ کر  دوسری تمام  دکانیں بند رہے گی اور کسی  دکان  کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اپنی دکانیں بند رکھیں۔

بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے سرکار کی جانب سے  جاری وضاحتی اعلامیہ اخباری نویسوں کو  جاری کرتےہوئے بتایا کہ  سرکار کی طرف سے پہلے جو اعلامیہ جاری ہوا تھا، اُسی کو باقی رکھتےہوئے نئے اعلامئےمیں ضروری وضاحت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دراصل آج بھی تمام دکانوں کو بند رکھنا چاہئے تھا لیکن  پہلے جاری کئے گئے اعلامئے کو سمجھنے میں تھوڑی دقت ہوئی جس کے تحت اب کل کسی بھی دکان کو کھولنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آج جمعرات شام کو جاری کردہ وضاحتی اعلامیہ میں کہا  گیا ہے کہ  راشن دکانیں بالخصوص فوڈ، گروسریس، فروٹس ، ترکاری، دودھ،  گوشت اور مچھلیوں کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔اسی طرح سیلون، اسپتال، فارمیسی اور دواخانوں کو بھی کھولنےکی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی۔ ہوٹلوں میں  صرف پارسل کی سہولت ہوگی، اسی طرح لاڈج میں مہمانوں کو ٹہرانے کی اجازت ہوگی، بینک، انشورنس اور اے ٹی ایم کھلےرہیں گے،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کےدفاترکو کھولنےکی اجازت ہوگی اسی طرح تعمیراتی کاموں میں  استعمال ہونے والی اشیاء کی دکانوں کو بھی کھولنےکی اجازت ہوگی ان کو چھوڑ کر کپڑے کی دکانیں، ریڈی میڈ، چپل کی دکانیں، جویلری شاپس، ٹیلرس، ہارڈ ویئر،برتن کی دکانیں،  وغیرہ سبھی بند رہیں گی۔

جیسا کہ پہلے بتایا جاچکا ہے، تمام عبادت گاہیں بھی بند رہیں گی اور مسجد، مندر اور چرچ میں صرف  عبادت گاہوں کے عملے کو ہی  عبادت کرنے کی اجازت ہوگی اور باہر سےکسی کو بھی عبادت گاہوں میں جاکر عبادت کرنے پر پابندی عائد رہے گی۔

خیال رہے کہ   آج جمعرات کو  بنگلور سمیت تمام بڑے شہروں میں دوپہر   کو ہی کپڑوں اور جویلری  وغیرہ  دکانوں کو بند کرایا گیا اور عوام کو گھروں میں ہی رہنے کا حکم دیا گیا، جبکہ  ابھی رات کو بھٹکل تحصیلدار نے  وضاحتی  نوٹ جاری کیا  جس کے تحت کل جمعہ کو   بھٹکل میں بھی  ضروری اشیاء کی دکانوں کو چھوڑ کر تمام کاروباری ادارے بند رہیں گے۔ جیسا کہ پہلے بتایا جاچکا ہے،  جمعہ کی شام نو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک  پوری ریاست میں ویکینڈ  کرفیو ہوگا جس کے تحت ضروری اشیاء کی دکانیں بھی  صبح  چھ بجے سے  صبح دس بجے تک ہی کھلی رہیں گی اور عوام کو اپنی ضرورت کی چیزیں ان ہی اوقات میں  خریدنی ہوگی۔

بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتےہوئے عوام الناس سے اپیل کی کہ  سرکاری گائیڈ لائنس پر عمل کرتےہوئے  کورونا کو  پھیلنے سے روکنے میں  انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

یاد رہے کہ ریاست بھر میں  کورونا کرفیو یا کورونا لاک ڈاون4 مئی تک جاری رہے گا۔


Share: